69

پی سی بی کی کرکٹنگ تقرریوں میں تاخیر ہونے لگی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پی سی بی کی کرکٹنگ تقرریوں میں تاخیر ہونے لگی جب کہ غیرملکی ہیڈ کوچ کی تلاش کا کام بدستور جاری ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی انتظامیہ نے محمد وسیم کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا تھا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے معاہدوں میں بھی توسیع نہیں ہو گی۔مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی غیرملکی کوچ کا تقرر چاہتے ہیں مگر تاحال کسی نے مثبت جواب نہیں دیا، یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید غیرملکی کوچز سے رابطے کر رہے ہیں،ایک کی براہ راست چیئرمین کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، اس حوالے سے رواں ہفتے پیش رفت متوقع ہے۔ادھر ہیڈ کوچ کے لیے انضمام الحق اور سعید اجمل سمیت کئی سابق کرکٹرز خود اپنے نام پیش کر چکے ،بعض کے دوستوں نے ان کو لانے کی مہم چلائی ہوئی ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ہارون رشید بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔دوسری جانب اندرون خانہ تبدیلیوں کا خاموشی سے آغاز ہوگیا، خیام قیصر نے ایچ آر میں ذمہ داریاں سنبھال لیں،وہ سابقہ دور میں نجم سیٹھی کے مشیر رہ چکے، سرینا آغا نے سابق چیئرمین رمیز راجہ کی برطرفی کے بعد ڈائریکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ماضی میں ڈائریکٹر مارکیٹنگ سمیت اہم ذمہ داریاں سنبھالنے والی نائلہ بھٹی پی ایس ایل کمشنر بن چکیں، ،البتہ عثمان واہلہ بدستور ڈائریکٹر لیگ کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے، ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن کی جگہ امجد حسین بھٹی کو واپس لانے کی تیاریاں بھی مکمل ہو چکی ہیں،سمیع نے گوکہ تنخواہ میں بھاری کٹوتی قبول کر لی اس کے باوجود انھیں پیغام مل چکا ہے کہ دوسری ملازمت کا انتظام کر لیں۔سی ای او فیصل حسنین پر بھی واضح کیا جا چکا کہ سابقہ آئین میں اس پوسٹ کا تصور نہیں ہے،البتہ وہ تنخواہ میں کمی اور کسی دوسری حیثیت میں کام کرنے کیلیے بھی تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں