111

عمران خان پر حملہ: امریکا، سعودی عرب، کینیڈا اور یورپی یونین کا اظہار مذمت

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )امریکی صدر جو بائیڈن، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور یورپی یونین نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر حملے کو قابل مذمت قرار دی ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر لانگ مارچ کے دوران وزیرآباد میں فائرنگ کی گئی، جس سے سابق وزیراعظم، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی رہنماء احمد چٹھہ سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کے حامیوں پر حملہ ناقابل قبول ہے، اس تشدد کی میں شدید مذمت کرتا ہوں۔کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی معاشرے، جمہوریت اور سیاست میں اس کی کوئی جگہ نہیں، عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعاگو ہوں۔پاکستان میں یورپی یونین حکام نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر حملے کے بعد سکتے میں ہیں، تشدد کسی بھی صورت میں ناقابل قبول ہے، یہ افسوسناک واقعہ ہے، ہم تمام زخمیوں کی مکمل صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔سعودی عرب نے بھی سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔ سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مملکت، پاکستان کے امن واستحکام اور اس کے ترقیاتی عمل کو مخدوش کرنیوالی ہر سرگرمی کے خلاف پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔سعودی دفتر خارجہ نے توجہ دلائی کہ مملکت ہر طرح کے تشدد، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانیوالی کوششوں کے ساتھ ہے، مملکت کی خواہش ہے کہ پاکستان اور اس کے برادر عوام امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی سے مالا مال رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں