99

دروازے بند نہیں ہوئے تعلقات ختم نہیں ہوئے، عوام عمران خان کے ساتھ نکلیں گے روک سکتے ہو تو روک لو، شیخ رشید

اسلام آباد(ویب ڈیسک )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دروازے بند نہیں ہیں، الیکشن پر بات چیت جاری ہے، سارے فیصلے انہی 20،30 دنوں میں ہو جائیں گے، 30 اکتوبر تک فیصلہ ہو جائے گا، عوام عمران خان کے ساتھ نکلیں گے، روک سکتے ہو تو روک لو۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خدا نہ کرے دو لاشیں گر گئیں تو آپ کیلئے چارٹر جہاز بھی دستیاب نہیں ہو گا، لوگ ان کے چہرے دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ان کو لانے کا جس نے پلان کیا تھا اس نے ان کی قبر کھودی ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل عمران خان نے کال کی اسٹریٹجی پر بات کی جو میں شیئر نہیں کر سکتا، میں نے ان کو کہا کہ 12 ربیع الاول کے بعد کال ہونی چاہیے، لوگوں کے گھریلو حالات بہت خراب ہیں، میرے خیال میں تاخیر کی گنجائش کم ہے، مطلوبہ نتائج میں سب سے ناکام یہ 6 مہینے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اداروں کا فرض ہے کہ سب سے رابطے رکھیں، حالات بند گلی میں داخل ہیں اس کو سب نے مل کر نکالنا ہے، سائفر غریب عوام کا مسئلہ نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں آٹا دو، بجلی کا بل کم کرو، عمران خان کو صرف الیکشن کی تاریخ چاہیے، آج یہ وہاں یہ پھنس گئے ہیں جہاں ہم پھنسے ہوئے تھے، ان کو ووٹ نہیں پڑنے ، پولنگ ایجنٹ ہی نہیں ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں سینئر سیاستدان نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ دو دفعہ ملاقات ہوئی ہے یا نہیں، تعلقات ختم نہیں ہوئے، بات چیت جاری ہے، آرمی چیف کی تقرری پر عمران خان کی سیاست پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شہباز شریف کے پاس فوٹو کھنچوانے کے علاوہ کوئی اختیار نہیں ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ کروڑوں لوگ ٹوئیٹر پر ہیں، لوگوں کو بیوقوف سمجھنے والا خود بیووقوف ہے، مجھے اپنی فوج پر فخر ہے، اسلام آباد کی تھکی ہوئی پولیس بھی ہماری ہے، لڑائی جھگڑے سے دور رہنا تمہارے لیے بہتر ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو عمران خان کہے گا اس کے پیچھے کھڑا رہوں گا، جتنے لوگوں کا ن لیگ نے تقرر کیا، سب سے ان کے جوڈو کراٹے ہوئے، ان کے خلاف نیب کے سارے کیسز ختم ہو گئے، معیشت آپ سے ٹھیک نہیں ہوئی، لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں