160

عوام کے لئے آسانی: واٹس ایپ نے نئے فیچرز کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) میٹا کی زیرملکیت واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین میسنجر ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کے لیے ہر ماہ کئی نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر واٹس ایپ گروپس پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے کیونکہ یہ صارفین میں بہت زیادہ مقبول ہیں۔ اسی لیے واٹس ایپ میں گروپس چیٹ کے حوالے سے چند نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے یہ نئے فیچرز متعارف کرائے گئے جو آئندہ چند دن میں سب کو دستیاب ہوں گے۔ ان فیچرز سے واٹس ایپ میں کسی گروپ کال کے حوالے سے صارف کو زیادہ اختیار دیا گیا ہے۔ واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ نے ان فیچرز کی تفصیلات ایک ٹوئٹ میں شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب گروپ کال کے دوران اگر کوئی فرد اپنا مائیک میوٹ کرنا بھول جائے تو ہوسٹ یا کال میں شامل کوئی بھی فرد اسے میوٹ کرسکے گا تاکہ بات چیت متاثر نہ ہو۔ اسی طرح گروپ کال میں اگر کوئی نیا فرد شامل ہوگا تو واٹس ایپ کی جانب سے الرٹ بھیجا جائے گا تاکہ ہر ایک کو اس کا علم ہوسکے۔ اگر آپ کو معلوم نہ ہو تو جان لیں کہ ایک گروپ کال میں 32 افراد کو شامل کیا جاسکتا ہے اسی طرح کال کے دوران مخصوص افراد کو میسجز بھیجنا بھی اب ممکن ہوگا۔ ان نئے فیچرز سے واٹس ایپ زوم، گوگل میٹ اور مائیکرو سافٹ ٹیمز کا ایک اچھا متبادل ثابت ہوگا۔ خیال رہے کہ حال ہی میں واٹس ایپ نے گروپ اراکین کی تعداد کو 256 سے بڑھا کر 512 کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں