165

حکومت کا قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ چلانے کا فیصلہ

حکومت کی جانب سے قومی انسداد پولیو مہم رواں ماہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی صوبوں سے قومی پولیو مہم پر مشاورت مکمل ہوچکی ہے، قومی پولیو مہم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں چلے گی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم 3 مراحل میں چلائی جائے گی پہلے مرحلے میں کے پی کے 34 اضلاع میں 21 تا 17 تک ستمبر میں پولیو مہم چلے گی جبکہ دوسرے فیز میں ملک بھر میں پولیو مہم 20 تا 24 ستمبر منعقد ہو گی اور تیسرے فیز میں جنوبی وزیرستان میں پولیو مہم 27 ستمبر تا 1 اکتوبر چلے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں 59 تا 6 ماہ کے بچوں کی وٹامن اے کی ویکسینیشن ہو گی، وٹامن اے کی ویکسینیشن کا مقصد بچوں کی قوت مدافعت بہتر بنانا ہے۔

پنجاب بھر میں 20.42 ملین بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف ہے جبکہ سندھ میں 9.35 ملین ، خیبرپختونخوا میں 6.9 ملین ، بلوچستان میں 2.53 ملین ، گلگت بلتستان میں 0.35 ملین اور آزادکشمیر میں ڈھائی لاکھ بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی انسداد پولیو مہم میں ساڑھے 4 کروڑ بچوں کی ویکسینیشن ہو گی جبکہ 335387 فرنٹ لائن ورکرز قومی انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں گے اور 268275 موبائل، 10505 فکس، 12154 ٹرانزٹ ٹیمیں بھی پولیو مہم میں شریک ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں