134

لوگوں کو سانپ دکھا کر لوٹ مار کرنے والی خاتون کی تلاش

لوٹ مار کے لیے چاقو، پستول یا دیگر ہتھیاروں کا استعمال تو سُنا تھا لیکن ایک خاتون نے سانپ دکھا کر لوگوں کو لوٹ لیا۔

بھارتی ریاست تامل نادو میں پولیس کو ایک ایسی خاتون کی تلاش ہے جو لوگوں کو سانپ سے ڈرا کر لوٹ مار کرتی ہے۔ پولیس نے خاتون کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔ خاتون لوگوں کو سانپ دکھا کر بلیک میل اور لوٹ مار کرتی ہے۔

خاتون کی سانپ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف سوموٹو مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تمبرم پولیس کے ایک افسر نے بھارتی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ خاتون خانہ بدوش اور سانپوں کی شوقین لگتی ہے، وہ لوگوں کو اپنا تعلق ویلوپورم سے بتاتی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون گھر گھر جا کر لوگوں سے پیسے اور کپڑے مانگتی ہے، جو اس سے انکار کرتا ہے اسے وہ سانپ سے ڈراتی ہے جس پر لوگ مجبوراً اسے پیسے اور کپڑے دیتے ہیں۔

ایک علاقہ مکین نے بتایا کہ ایک صبح خاتون گھر کی دہلیز پر آئی اور پیسے مانگے، جب میں نے اس سے انکار کیا تو اس نے ایک ڈبے سے سانپ نکالا اور مجھے ڈرانے لگی، مجھے مجبوراً خاتون کو پیسے اور کپڑے دینے پڑے، کچھ لوگوں نے اس منظر کی ویڈیو بھی بنائی ہے۔

محکمہ جنگلات کے حکام نے بھی پولیس کے ہمراہ اس خاتون کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں