صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا۔ فائرنگ کا واقعہ سیالکوٹ کے علاقے ملوکے بھلی میں تھانہ قلعہ کالر والا کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزمان نے بی آر بی نہر کے کنارے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی پی او سیالکوٹ نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے شیخوپورہ پولیس کے ساتھ مل کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او سیالکوٹ سے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتولین کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے اور سفاک ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
0